Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, June 24, 2025

وادی کالاش رومبور میں جشنِ بہاراں “شخاندہ فیسٹیول” کا انعقاد

وادی کالاش، رومبور چترال میں آل قریش ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام اور کالاش ویلز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے باہمی تعاون سے وادی کالاش رومبور میں سالانہ جشنِ بہاراں “شخاندہ فیسٹیول” کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جو ایک ہفتے تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔

فیسٹیول میں علاقے کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف دلچسپ مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں تیراندازی، بزکشی، کشتی اور دیگر مقامی کھیل شامل تھے۔ مقامی اور قومی سطح کے شخصیات کی شرکت نے اس ایونٹ کو چار چاند لگا دیے۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل قریش ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری احسان دانش، عنایت اللہ شیخ، جمی الرحمن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر قریشی نے کہا کہ اس قسم کے ثقافتی میلوں کا انعقاد ہمارے آبا و اجداد کی روایات کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان روایتی کھیلوں کے تحفظ اور فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ یہ ورثہ آئندہ نسلوں تک منتقل ہو سکے۔

کالاش ویلز ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکرام حسین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چترال ایک کثیرالثقافتی خطہ ہے جہاں مختلف برادریاں آباد ہیں۔ اتھارٹی کا مشن یہاں کے مسائل کے حل اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے بلا امتیاز خدمات فراہم کرنا ہے، اور یہ کوششیں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر خالد خان نے کہا کہ چترال کے تمام روایتی کھیلوں کی ترویج اور سرپرستی ضلعی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی اولین ترجیح ہے اور محکمہ ہمیشہ ایسے میلوں میں بھرپور تعاون فراہم کرتا رہا ہے۔

پولیٹیکل ایڈوائزر برائے ایم پی اے لوئر چترال، مہتر فتح الملک نوید احمد نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ایم پی اے کی ہدایت پر ضلعی سطح پر ایسے پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کے ذریعے مقامی کھیلوں کو فروغ دے کر باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح تک لایا جائے گا۔

اختتامی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لوئر چترال عبدالسلام، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر خالد خان، نوید احمد کوہکن پولیٹیکل ایڈوائزر ایم پی اے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالاش ویلز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اکرام حسین، اور ویلج کونسل رومبور کے چیئرمین سلطان نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر جیتنے والی ٹیموں اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ اختتامی کلمات آل قریش ویلفیئر سوسائٹی کے بانی عمر قریشی نے پیش کیے، جبکہ عنایت اللہ شیخ نے عوامی مسائل سے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔ آخر میں احسان دانش نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی آمد کو اعزاز قرار دیا۔

وادی کالاش رومبور میں جشنِ بہاراں “شخاندہ فیسٹیول” کا انعقاد

Shopping Basket