مانسہرہ میں پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز، سیکیورٹی کیلئے 2002 پولیس افسران و جوان تعینات
مانسہرہ – ضلع مانسہرہ میں پانچ روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے پرامن انعقاد اور پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لیے 2002 پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انسدادِ پولیو مہم کے دوران ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی گئی ہے۔ ڈی پی او مانسہرہ نے تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران بذات خود پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں۔ انہوں نے پولیس افسران و جوانان کو اپنی حفاظت کے لیے بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
پولیو ڈیوٹی پر جانے سے قبل ڈی پی او مانسہرہ کے احکامات پر تمام تھانوں اور سرکلز میں ایس پیز کی زیر نگرانی ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے نفری کو بریفنگ بھی دی۔
عوام کے نام اپنے پیغام میں ڈی پی او مانسہرہ نے کہا، “اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانا ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں، تاکہ ان کو جسمانی معذوری سے بچایا جاسکے۔”