پاکستان کے مایہ ناز مارشل آرٹسٹ اور ریکارڈ ساز ایتھلیٹ عرفان محسود نے مزید چار گنیز ورلڈ ریکارڈز کی منظوری حاصل کرکے اپنی کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ اس شاندار کارنامے کے بعد ان کے کل گنیز ورلڈ ریکارڈز کی تعداد 150 ہوگئی ہے، اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔
اپنے حالیہ کارناموں میں، عرفان محسود نے ایک ناروے اور تین اٹلی کے ریکارڈز توڑے ہیں۔ خاص طور پر، انہوں نے 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ ہاتھ کی انگلیوں پر 35 پش اپس کرکے ناروے کے 32 پش اپس کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔
عرفان محسود نے عالمی سطح پر، بالخصوص پش اپس کیٹیگری میں خود کو منوایا ہے، جہاں وہ 70 عالمی ریکارڈز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ انہوں نے 100 پاؤنڈ وزن کے ساتھ بھی 40 عالمی ریکارڈز قائم کیے ہیں۔ ان کا غلبہ مختلف وزنی کیٹیگریز میں بھی ہے، اور وہ 100 پاؤنڈ، 80 پاؤنڈ، 60 پاؤنڈ اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔
ان کے متنوع ریکارڈز میں مارشل آرٹس پش اپس، اسکواٹس، جمپنگ جیکس، سٹیپ اپس، نی اسٹرائیکس، ایلبو اسٹرائیکس، سائیڈ جمپس، ہائی جمپس، اور اسٹار جمپس وغیرہ شامل ہیں۔
آج تک، عرفان محسود 20 مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کے عالمی ریکارڈز توڑ چکے ہیں، جن میں امریکہ، برطانیہ، انڈیا، چین، ناروے، جرمنی، فرانس، فن لینڈ، فلپائن، اسپین، اٹلی، لبنان، مصر، عراق، شام اور خود پاکستان شامل ہیں۔
اپنی ذاتی کامیابیوں کے علاوہ، عرفان محسود ایک مخلص استاد بھی ہیں، اور ان کے 20 شاگرد بھی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں، عرفان محسود کو 2023 میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔