وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے کے جدید ترین ڈیجیٹل پلیٹ فارم “خیبر پاس” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز، صوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، ٹیکنالوجی ماہرین، ترقیاتی اداروں کے نمائندے اور میڈیا کے افراد نے شرکت کی۔ یہ پلیٹ فارم چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت تشکیل دیا گیا ہے، جسے کے پی آئی ٹی بورڈ نے ڈاکٹر شفقت ایاز کی قیادت میں تیار کیا۔ اس کا مقصد صوبے میں شفاف، باوقار اور آسان عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ خیبر پاس پلیٹ فارم صوبے میں ڈیجیٹل گورننس کے قیام کی طرف ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر شعبے کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں تاکہ عوام کا حکومت پر اعتماد بحال ہو۔
معاونِ خصوصی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ خیبر پاس صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں بلکہ ایک سوچ ہے جو شہری کو عزت، سہولت اور برابری کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب شہری اپنے شناختی کارڈ سے منسلک QR کوڈ کے ذریعے موبائل فون پر مختلف سرکاری سہولیات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ ان سہولیات میں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، مختلف پرمٹس، اور زکوٰۃ و دیگر حکومتی اسکیمز میں درخواست دینا شامل ہے۔ “خیبر پاس” کو خیبرپختونخوا کی موجودہ “دستک” سروس ڈیلیوری اور “پیمیر” ڈیجیٹل ادائیگی نظام سے مربوط کیا گیا ہے تاکہ ایک جامع اور مؤثر عوامی سہولت کا ڈھانچہ قائم کیا جا سکے۔
پلیٹ فارم کو خصوصی طور پر خواتین، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور دور دراز علاقوں کے عوام کے لیے قابلِ رسائی بنایا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بنوں اور ایبٹ آباد میں سٹیزن فیسیلیٹیشن سینٹرز کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے۔ “خیبر پاس” ڈیجیٹل پلیٹ فارم خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر گورننس کے نئے دور کا آغاز ہے، جو شہریوں کو آسان، باوقار اور شفاف سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ایک مضبوط اور جدید صوبے کی بنیاد رکھ رہا ہے۔