Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, July 20, 2025

 وادیٔ کاغان میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز

مانسہرہ: وادی کاغان کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) شبیر خان نے ناراں میں دیودار کا پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر شبیر خان نے KDA کے عملے کو ہدایت دی کہ شجرکاری مہم کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور تدابیر اختیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی کاغان قدرتی مناظر اور حسن سے مالامال ہے، جس کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وادی کی فضا کو صاف رکھنے اور اسے ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

شبیر خان کا مزید کہنا تھا کہ شجرکاری کے اس عمل کو سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے اشتراک سے وسعت دی جائے گی تاکہ وادی میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ اس سے نہ صرف سرسبز میدانوں میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحوں کے لیے وادی مزید دلکش اور پرکشش بن سکے گی۔

 وادیٔ کاغان میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز

Shopping Basket