کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت مون سون شجرکاری مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ مون سون شجرکاری مہم کے تحت ہزارہ ڈویژن میں 66,174 پھل دار پودے عوام میں تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جن میں سے 9,929 پودے مختلف تقریبات کے دوران پہلے ہی تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ پودے ضلعی انتظامیہ کے ذریعے مرحلہ وار تقسیم کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات نے ہزارہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 5لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ جس پر عمل درآمد جاری ہے۔
اجلاس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں شجرکاری کے جاری اور آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا۔ کمشنر ہزارہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ان طلبہ کی فہرستیں حاصل کی جائیں جو شجرکاری میں دلچسپی رکھتے ہوں۔ ان طلبہ کے ذریعے درخت لگوائے جائیں، اور ہر درخت کے ساتھ طالب علم کا نام درج کتبہ (پلیٹ) بھی نصب کیا جائے تاکہ وہ اس درخت کی ذاتی طور پر نگہداشت کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی کمیونٹی، خاص طور پر نوجوانوں کو شجرکاری مہم میں فعال طور پر شامل کیا جائے تاکہ یہ عمل پائیدار اور مؤثر ثابت ہو۔
کمشنر ہزارہ نے ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ باہمی مشاورت سے قراقرم ہائی وے (سپلائی منڈیاں روڈ) پر شجرکاری کا جامع منصوبہ تیار کریں تاکہ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو بلکہ ماحول دوست اقدامات کو فروغ بھی دیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں تمام سڑکوں اور گلیوں کے کناروں پر، جہاں جگہ میسر ہو، درخت لگانے کے اقدامات کریں۔ مزید برآں، کوہستان کے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اضلاع میں شجرکاری کے لیے موزوں مقامات مختص کریں، جہاں محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور مقامی نوجوانوں کے باہمی اشتراک سے شجرکاری کی جائے اور لگائے گئے درختوں کی باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔
