لوئر اورکزئی کے صدر مقام کلایہ میں صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈا کے تحت دو روزہ “اورکزئی فیسٹیول” اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ فیسٹیول میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور روایتی ثقافت، کھیلوں اور ہنرمندی سے لطف اندوز ہوئے۔
تقریب میں روایتی کھیل، فوڈ اسٹالز، ثقافتی نمائشیں، موسیقی اور ہنر مندی کے مختلف مظاہرے شامل تھے جنہوں نے شرکاء کو تفریح کے ساتھ ساتھ مقامی روایات سے روشناس کرایا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے فیسٹیول کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، محکمہ سیاحت، کھیل اور مقامی کمیونٹی کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے آخر میں مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں اور شرکاء میں انعامات، ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔