صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 27 جولائی سے 31 جولائی تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، بونیر، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور تمام امدادی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ندی نالوں اور ڈرینج سسٹمز کی فوری صفائی، حساس مقامات پر ٹریفک کنٹرول اور متبادل راستوں کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فصلوں کی بروقت کٹائی کریں اور محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کریں، جبکہ مویشی پال حضرات کو بھی حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں، جبکہ مسافروں کو قومی و صوبائی شاہراہوں پر احتیاط اور متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سنٹر سے 1700 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جو مکمل طور پر فعال ہے۔