ضلعی الیکشن کمشنر آفس اورکزئی میں “انتخابی عمل میں تمام طبقات کی شرکت” کے موضوع پر ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت الیکشن کمشنر شوکت حسین نے کی، جبکہ تقریب میں سرکاری افسران، طلباء، نوجوان، پیشہ ور افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندے بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
سیمینار میں ووٹر بیداری، پالیسی سازی میں شمولیت اور ووٹر ٹرن آؤٹ بڑھانے کی حکمت عملیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
ضلعی الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جمہوریت کے استحکام میں تمام طبقات کا فعال کردار ضروری ہے۔ ان کی انتخابی شمولیت ایک جامع اور نمائندہ طرزِ حکمرانی کی بنیاد رکھتی ہے۔”
تقریب کے اختتام پر شرکاء سے پرزور اپیل کی گئی کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں اور انتخابی عمل میں دوسروں کو بھی شریک کرنے کے لیے آگاہی پھیلائیں۔
اس موقع پر ضلعی الیکشن کمشنر شوکت حسین نے شرکاء میں ووٹر رجسٹریشن فارم بھی تقسیم کیے اور شکریہ ادا کیا۔