Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, August 30, 2025

پشاور: جعلی طبی مراکز اور غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن

صوبائی دارالحکومت پشاور میں عطائی ڈاکٹروں، جعلی طبی مراکز اور غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ پشاور کی مؤثر اور بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ عوامی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ پشاور نے ہیلتھ کیئر کمیشن حکام کے ہمراہ سرکلر روڈ، نمک منڈی اور رامداس کے علاقوں میں میڈیکل کلینکس اور لیبارٹریوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کارروائی کے دوران پانچ سے زائد غیر رجسٹرڈ کلینکس، جعلی لیبارٹریاں اور عطائی ڈاکٹروں کے مراکز پکڑے گئے جنہیں فوری طور پر سیل کر دیا گیا، جبکہ متعلقہ افراد کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کا کہنا ہے کہ عطائی ڈاکٹر اور غیر رجسٹرڈ طبی مراکز نہ صرف عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹتے ہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔ جعلی ٹیسٹ رپورٹس، غیر معیاری ادویات اور غلط علاج شہریوں کو مہلک امراض میں مبتلا کر رہے ہیں، جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور مستند ڈاکٹروں اور لیبارٹریوں سے طبی سہولیات حاصل کریں اور کسی بھی غیر رجسٹرڈ کلینک، عطائی ڈاکٹر یا جعلی لیبارٹری کی اطلاع فوری طور پر انتظامیہ کو فراہم کریں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

پشاور: جعلی طبی مراکز اور غیر رجسٹرڈ لیبارٹریوں کے خلاف کریک ڈاؤن

Shopping Basket