پاک فوج کے زیر اہتمام ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کوہاٹ میں منعقد ہوئی جس میں جی او سی 9 ڈویژن اور معروف مذہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر مفتی راغب حسین نعیمی مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں علمائے کرام، سول انتظامیہ، قبائلی مشران، طلباء اور 120 سے زائد معززین نے شرکت کی۔
اہل سنت اور اہل تشیع کے علمائے کرام نے اپنے خطابات میں اتحاد، امن، رواداری، معافی اور محبت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی باہمی اتفاق و یکجہتی میں مضمر ہے۔
جی او سی نے اپنے خطاب میں کرم میں امن کے قیام میں قبائلی عمائدین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بھائی چارے اور امن معاہدوں پر عمل درآمد سے ہی پائیدار استحکام ممکن ہے۔ کمشنر کوہاٹ نے کانفرنس سے خطاب میں اسلحہ اور بنکروں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ امن معاہدے کے مؤثر نفاذ پر زور دیا۔
اجلاس کے اختتام پر علما کرام اور شرکاء نے مشترکہ “اعلامیہ برائے بین المسالک ہم آہنگی” جاری کیا جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع کرم میں ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے سب طبقے مل کر کردار ادا کریں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام باہمی محبت، اخوت اور احترام کا درس دیتا ہے اور اختلافِ رائے کو دشمنی کا ذریعہ بنانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔
اعلامیے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بطور مسلمان ہر قسم کی شدت پسندی اور بدامنی کی مذمت سب پر لازم ہے، ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون دینی فریضہ ہے، شہری امن معاہدے کی پاسداری کریں، غیر قانونی ہتھیار جمع کرانے اور مورچوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ مزید کہا گیا کہ شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی میں ریاست کی مدد اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہمات سے گریز سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شرکاء نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اقدام خطے میں پائیدار امن کے قیام میں سنگ میل ثابت ہوگا۔