یومِ دفاع و شہداء پر مسلح افواج کا شہداء کو خراجِ عقیدت
پاکستان کی مسلح افواج نے 60 ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر وطن عزیز کے بہادر شہداء کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہلِ خانہ کو سلامِ احترام پیش کیا ہے۔ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل سہیر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ دفاع پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسے دن کی یاد دلاتا ہے جب پوری قوم اور افواج پاکستان دشمن کے خلاف ایک ناقابلِ تسخیر دیوار بن کر کھڑے ہوئے۔
ترجمان کے مطابق، 6 ستمبر 1965 پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور اتحاد کی علامت ہے، جب بہادر سپاہیوں نے قوم کی حمایت کے ساتھ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں اس بات کا ابدی پیغام ہیں کہ ایک متحد قوم کو شکست نہیں دی جا سکتی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی، اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نہ صرف بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہیں بلکہ قدرتی آفات اور مشکل گھڑیوں میں بھی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں۔ حالیہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بھی فوج ملک بھر میں اپنی معاونت جاری رکھے گی۔
پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج پاکستان ہمیشہ چوکس ہیں اور ہر قسم کے خطرے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ کسی بھی قوت کو ملک کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آخر میں اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ پاکستان کو امن، استحکام اور ترقی سے نوازے۔