Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, September 19, 2025

مانسہرہ: پولیس کے رویے سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد

مانسہرہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی کی زیر نگرانی ہزارہ ریجن کے تمام اضلاع کے پولیس اہلکاروں کے لیے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ میں (ملکی و غیر ملکی) سیاحوں کے ساتھ دورانِ ڈیوٹی بہتر رویے اور اخلاقیات سے متعلق دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر نے پولیس اہلکاروں کے مثالی رویے اور اخلاقیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انکو اپنی ڈیوٹی کے دوران پروفیشنلزم اور فورس کے ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور مددگار رویہ نہ صرف پولیس کا مثبت تاثر قائم کرتا ہے بلکہ ملک کی سیاحت کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔تربیتی ورکشاپ میں اہلکاروں کو سیاحوں کے ساتھ بات چیت کے آداب، پیشہ ورانہ انداز اختیار کرنے اور دورانِ ڈیوٹی درپیش ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں تفصیلی رہنمائی دی گئی۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ پولیس کا اچھا رویہ سیاحوں میں تحفظ اور اعتماد کا احساس پیدا کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کیساتھ پولیس آفیسر خوش اسلوبی اور شائستگی سے بات کریں اور سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات جوابات کریں اور ضروری کوائف طلب کریں غیرضروری سوالات اور بات چیت سے گریز کریں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد دنیا بھر سے آنیوالے سیاحوں میں خیبرپختونخواہ کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش اور محفوظ بنانا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے ورکشاپ اور ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پولیس اہلکاروں کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جاسکے۔

مانسہرہ: پولیس کے رویے سے متعلق دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد

Shopping Basket