انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس نے منگل کے روز صوبے کے شہریوں کے لیے آن لائن سٹیزن موبائل ایپ کا افتتاح کیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سہولیات کے لیے گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے۔ ان خدمات کو شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے نادرا ای سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جو نہ صرف صوبے کے تمام پولیس سہولت مراکز پر بلکہ نادرا ای سہولت آؤٹ لٹس پر بھی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ نادرا ای سہولت خدمات کے سلسلے میں خیبرپختونخوا پولیس اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ 15 اپریل 2025 کو طے پایا تھا، جس کے بعد اب یہ جدید سہولت باقاعدہ طور پر عوام کے لیے دستیاب کر دی گئی ہے۔
