خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، محکمہ امورِ نوجوانان اور ینگ لیڈرز پارلیمنٹ کے باہمی اشتراک سے منعقدہ چار روزہ ینگ لیڈرز سمر کیمپ نتھیاگلی میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ کیمپ کے دوران سیاحت اور نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے حوالے سے مختلف تربیتی و عملی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔
گزشتہ روز کیمپ کے شرکاء نے ڈونگا گلی اور پائپ لائن ٹریک پر صفائی مہم میں حصہ لیا، جس میں 70 سے زائد نوجوان شامل ہوئے۔ اس مہم کا مقصد نہ صرف سیاحتی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنا تھا بلکہ سیاحوں میں شعور اور آگاہی اجاگر کرنا بھی تھا تاکہ فطری حسن کو محفوظ بنایا جا سکے۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ امور نوجوانان ڈاکٹر نعمان مجاہد مہمانِ خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی سعد بن اویس، صدر ینگ لیڈرز پارلیمنٹ نوید احمد خان اور دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر نعمان مجاہد نے کہا کہ نوجوان معاشرے کا روشن چہرہ اور صوبے و ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ میں صوبے کے مختلف اضلاع سے نوجوانوں کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے اور اس طرح کے تربیتی پروگرامز نوجوان نسل کو مستقبل میں کارآمد صلاحیتوں سے آراستہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
کیمپ کے دوران یوتھ ایمپاورمنٹ، موسمیاتی تبدیلی، ایکو ٹورازم، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سوشل میڈیا کی اہمیت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سپورٹس اور صفائی مہم سمیت مختلف موضوعات پر ٹریننگ دی گئی۔ چار روزہ سمر کیمپ میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور ضم شدہ علاقوں سے آئے نوجوانوں کو اختتام پر اعزازی سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔