Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, October 1, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کی تلاوت سے اپنی تقریر کا آغاز کیا اور اجلاس کی صدر کو صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جرات مندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آج پہلے سے کہیں زیادہ پیچیدہ حالات سے گزر رہی ہے، تنازعات شدت اختیار کر رہے ہیں اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسانی بحران بڑھ رہے ہیں، دہشت گردی دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے جبکہ گمراہ کن پروپیگنڈا اور جعلی خبروں نے عوامی اعتماد کو متزلزل کر دیا ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی کو بھی انسانی بقاء کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی قائداعظم کے وژن کی روشنی میں پرامن بقائے باہمی پر مبنی ہے اور ہم مکالمے و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال اسی پلیٹ فارم سے خبردار کیا تھا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دے گا، اور یہ الفاظ مئی میں سچ ثابت ہوئے جب مشرقی محاذ پر پاکستان کو بھارتی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ غرور میں مبتلا دشمن کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ اس نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات میں تعاون نہیں کیا، انسانی المیے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور شہری علاقوں کو نشانہ بنا کر معصوم جانوں کو نقصان پہنچایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے سرحدوں کی سالمیت اور پاکستان کی قومی سلامتی کی خلاف ورزی کی، جس پر پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنا حق دفاع استعمال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلح افواج نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں جرات اور بہادری کی نئی تاریخ رقم کی جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت میں پاک فضائیہ نے دشمن کے سات جنگی طیاروں کو زمین بوس کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے جانبازوں اور شہداء کے ورثاء کو سلام پیش کرتا ہے، شہداء کے نام ہمیشہ عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہیں گے اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی ماؤں کا حوصلہ قوم کے لئے روشنی کا مینار ہے اور انہی کے دم سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب

Shopping Basket