قبائلی ضلع خیبر میں سکیورٹی فورسز کی قیامِ امن کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں، اور نوجوان انتہا پسندی کو ترک کر کے کھیل کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا رہے ہیں۔ تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں سکیورٹی فورسز اور غنڈی یوتھ کمیٹی کے باہمی اشتراک سے “امن فٹبال ٹورنامنٹ” کا آغاز ہو گیا ہے۔ جس میں تحصیل لنڈی کوتل، جمرود اور باڑہ کی 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب میں سکیورٹی فورسز کے افسران، علاقہ مشران اور شائقینِ فٹبال کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاحی میچ لنڈی کوتل اسٹارز اور ینگ بوائز باڑہ کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مقامی عمائدین کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ علاقے میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کی بہتری کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مثبت کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ان میں اتحاد، نظم و ضبط اور بھائی چارے کا جذبہ فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔


