ضلع سوات میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور علاقہ مشران کے مابین ایک مشترکہ جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں مقامی قبائل کے 25 سے 30 قومی مشران اور سیکیورٹی فورسز کے افسران نے شرکت کی۔ جرگے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے عہدیداران اور علاقہ مشران کے درمیان علاقے کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاقہ مشران نے جرگے میں مختلف مقامی اور سماجی مسائل پر روشنی ڈالی، جنہیں سیکیورٹی فورسز کے نمائندوں نے جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ مشران سے درخواست کی گئی کہ وہ امن و امان کی بہتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائیں، تاکہ علاقے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔ علاقہ مشران نے سیکیورٹی فورسز کو یقین دہانی کروائی کہ وہ امن و امان کے قیام اور عوامی بہبود کے امور میں مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔ جرگے کے اختتام پر سیکیورٹی فورسز کے عہدیداران نے علاقہ مشران کے تعاون اور اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تمام مسائل باہمی مشاورت اور رابطے کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ جرگہ علاقے اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔


