Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, November 13, 2025

ایبٹ آباد: 17واں قومی کنونشن اختتام پزیر

ایبٹ آباد ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج گرلز کیمپس ایبٹ آباد میں 17واں قومی کنونشن نہایت شان و شوکت، علمی و ادبی فضا اور طلبہ کی شاندار شرکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اس عظیم علمی اجتماع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہریپور کے بیس سے زائد نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیس اسٹڈی پریزنٹیشنز، پوسٹر میکنگ، تخلیقی سرگرمیوں اور علمی مقابلوں کے ذریعے کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ممتاز دانشور، ماہرِ تعلیم اور مصنف جناب ادریس آزاد تھے جنہوں نے اپنے پرمغز خطاب میں طلبہ کو علم و فکر کی نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔ انہوں نے کہا کہ انسان بنیادی طور پر سماجی وجود رکھتا ہے، جو سوسائٹی سے کٹ کر زندہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے ماڈرن ایج کے تعلیمی نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں کے طلبہ کی کارکردگی نہایت متاثرکن ہے اور ادارے کا تعلیمی و تربیتی ماڈل قابلِ تقلید ہے۔ادریس آزاد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہماری معاشرتی بدقسمتی یہ ہے کہ ہم اپنے بچوں کو خودمختار بنانے کے بجائے دوسروں پر انحصار کرنے کا عادی بنا دیتے ہیں۔ والدین کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کو شروع سے ہی خود اپنے کام کرنے کی عادت ڈالیں، تاکہ وہ عملی زندگی میں مضبوط اور خوددار بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں کمانے والے کم اور کھانے والے زیادہ ہیں۔ اگر ہم نے اپنے بچوں کو خود اپنی ذمہ داریاں نبھانا نہ سکھایا تو ہم ایک کمزور نسل تیار کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اجنبیت، تنہائی اور خود غرضی انسان کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے، اس لیے ہمیں اجتماعی شعور اور باہمی تعاون کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔تقریب سے پرنسپل ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج جناب عبد الواحد میر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادریس آزاد کی گفتگو طلبہ کے لیے فکری رہنمائی اور عملی زندگی کے اصولوں کی تعلیم تھی۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں پر انحصار کرنے کے بجائے خود اپنے راستے تلاش کریں، کامیابی ہمیشہ اُنہی کا مقدر بنتی ہے جو ہمت، علم اور تدبر سے کام لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے انگریزوں سے لڑ کر آزادی حاصل کی، مگر اب وقت ہے کہ ہم اپنے دلوں سے شکست کا احساس نکالیں۔ ہم نے پرندے کو پنجرے سے تو آزاد کر دیا، لیکن اب ہمیں پنجرے کو پرندے کے دل سے بھی نکالنا ہوگا۔آخر میں مہمانان گرامی کو شیلڈز،تحائف اورشریک طلبہ کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں اور بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔

ایبٹ آباد: 17واں قومی کنونشن اختتام پزیر

Shopping Basket