پشاور: خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی اطلاعات شفیع جان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 روزہ مہم میں صوبے کے 60 لاکھ بچوں کو حفاظتی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
شفیع جان نے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کی زندگی میں بہتری کے لیے صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کا عندیہ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی میں اساتذہ، والدین اور علماء کرام کا کلیدی کردار ہے اور وہ عوام کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں عوام کے ووٹ سے منتخب کیا گیا ہے۔
معاونِ خصوصی نے والدین اور کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو ویکسین لگوانے کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔


