Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, November 26, 2025

 347 طلبہ میں 6 کروڑ 40 لاکھ روپے کے سکالرشپس چیکس تقسیم

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پیر کے روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ 347 طلبہ میں 6 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کے سکالرشپس چیکس تقسیم کیے۔ تقریب محکمہ اعلیٰ تعلیم کے تحت منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، محکمہ کے حکام، جامعات کے سربراہان اور طلبہ نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 300 ملین روپے اضافی فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس میں 200 ملین روپے بندوبستی اضلاع اور 100 ملین روپے ضم شدہ اضلاع کے لیے مختص ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکالرشپس کی فراہمی کا مقصد صوبے کے متوسط اور کمزور طبقے کے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بھی ہونہار طالب علم مالی مشکلات کے باعث اپنی تعلیم ترک نہ کرے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں صرف مواقع دینے کی ضرورت ہے۔ “ہم قائد عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ معیاری تعلیم اور بہتر صحت کی سہولیات ہماری اولین ترجیح ہیں۔” ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے تعلیمی نظام میں مارکیٹ سے ہم آہنگ مضامین شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ قومی اور عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں اور فارغ التحصیل ہوتے ہی نہ صرف روزگار حاصل کریں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ صوبہ طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کر رہا ہے تاکہ نوجوان عملی تجربہ حاصل کر سکیں اور بے روزگاری کے مسئلے میں کمی آئے۔ “ہماری تمام پالیسیاں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں اور ہم بہتر گورننس کے ذریعے ڈیلیور کر کے دکھائیں گے۔”

تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ رواں سال وزیر اعلیٰ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت 347 سکالرشپس جاری کی جارہی ہیں جن کے لیے 15 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ درخواستوں کی جانچ اور سیلیکشن کے لیے آن لائن پورٹل استعمال کیا جا رہا ہے جو شفاف اور خودکار طریقہ کار فراہم کرتا ہے۔ حکام نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی حکومت کے سکالرشپ پروگرام کے تحت GIK، NUST، IBA اور قائداعظم یونیورسٹی سمیت ملک و صوبے کی نمایاں جامعات میں طلبہ مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

 347 طلبہ میں 6 کروڑ 40 لاکھ روپے کے سکالرشپس چیکس تقسیم

Shopping Basket