Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, December 17, 2025

سانحۂ اے پی ایس کی 11ویں برسی: صدر ایمل ولی خان کا شہداء کو خراجِ عقیدت

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول پشاور کی گیارہویں برسی کے موقع پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 16 دسمبر 2014 پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

اپنے بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اس المناک سانحے سے متاثرہ خاندان آج بھی انصاف کے منتظر ہیں جبکہ واقعے میں ملوث کردار اور سہولت کار تاحال آزاد گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحۂ اے پی ایس کے بعد دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان ایک متفقہ قومی دستاویز کے طور پر سامنے آیا، تاہم اس پر جزوی عملدرآمد نے اس کی افادیت کو کمزور کر دیا۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر خیبر پختونخوا دہشتگردی اور انتہاپسندی کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف بندوق اور گولی سے نہیں جیتی جا سکتی بلکہ اس کے فکری، معاشرتی اور سیاسی اسباب کا دیانت داری سے محاسبہ ضروری ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا نفرت اور تشدد کو پروان چڑھانے والے بیانیوں کا راستہ روکا گیا؟ اگر ایسا نہیں ہوا تو ریاست کو خود احتسابی کی ضرورت ہے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سزا واضح ہے، مگر جنہوں نے ہزاروں دہشتگردوں کو دوبارہ خیبر پختونخوا میں آباد کرایا، ان کے خلاف آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

اے این پی کے مرکزی صدر نے کہا کہ دہشتگردی کی ہر شکل، ہر سہولت کاری اور ہر سرپرستی کے خلاف بلا تفریق کارروائی نہ کی گئی تو ایسے واقعات بار بار ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے سانحۂ آرمی پبلک اسکول کے تمام شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اے این پی دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ ایک پرامن، جمہوری اور آئین کے تابع پاکستان کے لیے اپنی سیاسی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل دیا جا سکے۔

سانحۂ اے پی ایس کی 11ویں برسی: صدر ایمل ولی خان کا شہداء کو خراجِ عقیدت

Shopping Basket