پشاور: سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی 11ویں برسی کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اے پی ایس کے معصوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے والدین و لواحقین کے حوصلے اور استقامت کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 سال قبل آج کے دن دہشتگردوں نے ہمارے دلوں پر حملہ کیا اور علم دشمن عناصر نے معصوم طلباء کو نشانہ بنایا۔
گورنر نے کہا کہ 11 برس گزرنے کے باوجود آج بھی پوری قوم اپنے ننھے شہداء کی یاد میں اشکبار اور غمزدہ ہے۔ سانحہ اے پی ایس ملک و قوم کی تاریخ کا ایک دلخراش واقعہ ہے، تاہم ان معصوم شہداء نے قوم کو اتحاد، حوصلے اور قربانی کا عظیم سبق دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور بہت جلد خیبرپختونخوا کو ایک پرامن صوبہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداء ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔


