ایبٹ آباد کے سیاحتی علاقوں گلیات اور ایوبیہ میں مشک پوری اور میراجانی پر ہلکی برف باری جبکہ نشیبی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ برف باری دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد نتھیا گلی، ڈونگا گلی، کوزہ گلی، ایوبیہ، بندر ہوائنٹ اور چھانگلہ گلی میں موجود ہے، جس کے باعث ہوٹلوں کے کمرے فل ہو چکے ہیں۔ برف باری اور بارش سے شدید سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں ایک طرف سیاح موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں وہیں دوسری جانب مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی نمائندوں کی عدم توجہی اور سوختنی لکڑی کے سرکاری اسٹالز نہ ہونے کے باعث غریب لوگ مہنگی لکڑی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ شدید سردی کی وجہ سے بزرگ اور بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ گلیات اور سرکل بکوٹ کے عوام نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سوختنی لکڑی کے اسٹالز قائم کیے جائیں اور علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔


