Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, December 25, 2025

سوات: پولیس اسٹیشن کبل میں خواتین کیلئے سہولت مرکز کا افتتاح

سوات میں یونائیٹڈ نیشن ویمن کے تعاون سے پولیس اسٹیشن کبل میں خواتین کے لیے سہولت مرکز (ویمن فسیلیٹیشن سینٹر) کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات اسد حمید خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ مرکز خیبر پختونخوا پولیس، ضلعی انصاف سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز اور یو این ویمن کے باہمی اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔

تقریب میں پولیس، پراسیکیوشن، عدلیہ اور صوبائی انتظامیہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین سہولت مرکز کا قیام خواتین کو محفوظ، باعزت اور رازدارانہ ماحول میں پولیس خدمات کی فراہمی کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مرکز صنفی بنیاد پر تشدد کے مقدمات کو حساس اور پیشہ ورانہ انداز میں نمٹانے کی صلاحیت کو مضبوط کرے گا اور متاثرہ افراد کو مرکز میں رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

یو این ویمن خیبر پختونخوا کی صوبائی سربراہ زینب خان نے کہا کہ یہ سہولت مرکز صرف ایک عمارت نہیں بلکہ صنفی بنیاد پر تشدد سے متاثرہ افراد کے لیے یکجا اور مربوط خدمات کی بنیاد ہے، جو پولیس نظام کے اندر تحفظ، وقار اور مؤثر معاونت کو یقینی بنائے گی۔

اختتامی خطاب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سوات اسد حمید خان نے متاثرہ افراد پر مرکوز انصاف کے لیے عدلیہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صنفی بنیادوں پر پولیسنگ عوام کے عدالتی نظام پر اعتماد کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

سوات: پولیس اسٹیشن کبل میں خواتین کیلئے سہولت مرکز کا افتتاح

Shopping Basket