عقیل یوسفزئی
فاینانشل ٹائمز نے ایک رپورٹ میں سال 2025 کو پاکستان کے لیے کامیاب سال قرار دیا ہے ۔ اس کے مقابلے میں اخبار نے اس برس کو بھارت کے لیے شرمندگی اور ناکامی کا سوال قرار دیا ہے ۔
دوسری جانب بلوم برگ نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان دفاعی صلاحیت سے مالامال ملک کے طور پر سامنے آیا ہے اور اب یہ ملک معاشی ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن ہے ۔
خیبرپختونخوا کے عوامی حلقوں نے ایک سروے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ” ہیرو” قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان فیلڈ مارشل کی قیادت میں محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔
دوسری جانب ایک تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2024 کے مقابلے میں 2025 کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 73 فی صد اضافہ ہوا اور خیبرپختونخوا ، بلوچستان ان حملوں کی ذد میں رہے ۔کالعدم ٹی ٹی پی نے 2025 میں 3573 حملوں کا دعویٰ کرتے ہوئے تفصیلات جاری کی ہیں ۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں 3000 سے زائد افراد کو شہید جبکہ اتنے ہی گرفتار کیا گیا ہے ۔ اموات سے متعلق اس دعوے کو تجزیہ کار غلط قرار دیتے ہیں تاہم اس تلخ حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ اسی تسلسل میں 2026 کے ابتدائی چھ مہینوں دو طرفہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا حالانکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے گزشتہ روز نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کیا جائے گا اور دہشتگردوں کے علاؤہ عدم استحکام پیدا کرنے والے عناصر کے ساتھ بھی سختی کے ساتھ نمٹنے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
اس تمام صورتحال کے تناظر میں کہا جاسکتا ہے کہ 2026 ریاستی ، سیاسی ، سفارتی ، سیکیورٹی اور معاشی میدانوں یا شعبوں میں پاکستان کے لیے اہم ترین سال ثابت ہوگا ۔
( 2 جنوری 2026 )


