Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, January 13, 2026

صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور وزیراعلیٰ کا دورہ سندھ

عقیل یوسفزئی
گزشتہ دو تین دنوں کے دوران جہاں ایک طرف خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تقریباً ایک درجن حملے کیے گئے اور تیراہ سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری رہا وہاں دوسری جانب خیبرپختونخوا کے کرم اور شمالی وزیرستان میں دو بڑی فوجی کارروائیوں میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تاہم خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور اہم وزراء اس تشویشناک صورتحال میں کراچی اور سندھ کے غیر ضروری دورے میں مصروف عمل رہے جس کو مخالفین اور تجزیہ کار ” سیر سپاٹا” قرار دیتے رہے ۔
کرایے گیے حملوں میں اس واقعے کا سیاسی اور عوامی سطح پر سخت نوٹس لیا گیا جس کے دوران جے ہو آئی کے اہم لیڈر اور وفاق المدارس کے رہنما مولانا سلطان محمد کو جنوبی وزیرستان میں ان کے مدرسے کے قریب بم دھماکہ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ۔ اس حملے میں وہ متعدد دیگر کے ہمراہ شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئے ۔
کالعدم ٹی ٹی پی نے اس واقعے سے نہ صرف یہ کہ لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمّت کی ہے بلکہ اس ذمہ داری حکومتی اداروں پر ڈال دی ہے تاہم سیکیورٹی حکام کا موقف ہے کہ مولانا سلطان محمد کو ایک کالعدم گروپ ہی نے نشانہ بنایا ہے ۔ مختلف دیگر علاقوں میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا مگر حسب معمول صوبائی حکومت ان معاملات سمیت تیراہ کے ان باشندوں سے بھی لاتعلق رہی جو کہ مجوزہ آپریشن کے باعث گزشتہ چند روز سے نقل مکانی کرتے آرہے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ اس تشویشناک صورتحال اور چیلنجز کے باوجود سندھ کے دورے میں مصروف عمل رہ کر یہ تاثر دیتے رہے کہ گویا خیبرپختونخوا میں حالات بہت نارمل ہیں اور بانی پی ٹی کی رہائی کا انحصار ان کے دوسرے صوبوں کے دوروں پر ہے ۔
سندھ حکومت نے نہ صرف ان کا استقبال کیا بلکہ ہر سہولت مہیا کی تاہم انہوں نے اس کے باوجود صدر مملکت آصف علی زرداری کو طنز اور تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز نہیں کیا ۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی ” سنجیدگی” کا یہ عالم رہا کہ تحفظ آئین پاکستان کے دو مرکزی رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے دورہ لاہور سے پی ٹی آئی پنجاب کی قیادت مکمل طور پر لاتعلق رہی اور شاید اسی تناظر میں محمود اچکزئی کو یہ کہنا پڑا کہ پی ٹی آئی میں ڈسپلن اور کوآرڈی نیشن کا سخت فقدان ہے ۔
مسلم لیگ ن ، اے این پی ، اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں میاں افتخار حسین ، ہمایون خان ، اختیار ولی خان ، حیدر ہوتی ، زاہد خان اور متعدد دیگر کے علاؤہ تجزیہ کاروں اور عوامی حلقوں نے وزیر اعلی کے دورہ سندھ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صوبے کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے تناظر میں غیر ضروری اور لاحاصل قرار دیا اور موقف اختیار کیا کہ یہ پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کی مہم جوئی کے علاؤہ سیر سپاٹے کا ایک غیر سنجیدہ کوشش ہے تاہم پی ٹی آئی نہ صرف اس دورے کا دفاع کرتی رہی بلکہ اس کے باوجود اسے کامیاب پاور شو قرار دیتی رہی کہ کراچی کے استقبال اور حیدرآباد کے جلسے کے دوران دیگر تو ایک طرف پی ٹی آئی بھی کارکنوں کی کوئی قابل ذکر تعداد باہر نکالنے میں ناکام رہی ۔

صوبے کی سیکیورٹی صورتحال اور وزیراعلیٰ کا دورہ سندھ

Shopping Basket