خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے فوڈ انسپکشن کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے FRAIMS (فوڈ کوالٹی ریئل ٹائم آڈٹ اینڈ انسپکشن مانیٹرنگ سسٹم) نافذ کر دیا ہے، جس کی باقاعدہ منظوری فوڈ اتھارٹی بورڈ نے دے دی ہے۔ نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت صوبہ بھر میں پیپرلیس اور کیش لیس فوڈ انسپکشن کا عملی آغاز ہو گیا ہے، جہاں فیلڈ اہلکار باڈی کیمرے اور ڈیجیٹل آلات کے ذریعے معائنہ کریں گے جبکہ ڈیجیٹل ریکارڈ کے بغیر کی گئی انسپکشن ناقابلِ قبول ہوگی۔ بورڈ نے نئے انسپکشن ضوابط کی بھی منظوری دی ہے اور جرمانے، فیس اور لائسنسنگ کی تمام ادائیگیاں اب صرف کیش لیس ذرائع سے ہوں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے بتایا کہ پراونشل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری اینڈ سنٹر فار ریسرچ میں ISO سرٹیفکیشن کے تمام تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں اور سرٹیفکیشن کا عمل آخری مراحل میں ہے، جس سے مقامی مصنوعات کو یورپی اور مشرقِ وسطیٰ کی منڈیوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ ٹیسٹنگ نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے لیبارٹری انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (LIMS) پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جبکہ بورڈ نے 15 سالہ سائنسی فوڈ سیفٹی اور پبلک ہیلتھ ریسرچ پروگرام کی بھی منظوری دے دی ہے، جس سے شفافیت اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔


