ڈائریکٹوریٹ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے صوبے بھر کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ HRIS اور IEMIS میں اساتذہ اور تعلیمی عملے کا مکمل ریکارڈ 21 جنوری 2026 تک ہر صورت اپ ڈیٹ کریں۔ ہدایات کے مطابق مقررہ تاریخ تک ڈیٹا کی تکمیل نہ کرنے کی صورت میں ذمہ دار افسران کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ BPS-12 سے BPS-16 تک کی تدریسی اسامیوں کی درست خالی پوزیشنز کی تفصیلات آئندہ بھرتی کے عمل کے لیے فوری طور پر فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خالی آسامیوں کی تصدیق کے لیے باقاعدہ تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی جمع کرائیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق HRIS اور IEMIS میں درست اور بروقت ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت، مؤثر منصوبہ بندی اور آئندہ بھرتیوں کو میرٹ کی بنیاد پر یقینی بنانا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس عمل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔


