نیشنل ورکشاپ خیبرپختونخوا کے شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ ایک خصوصی اور بامقصد نشست میں شرکت کی، جس میں قومی سلامتی کی موجودہ صورتحال، گمراہ کن پروپیگنڈا کے پھیلاؤ اور اس کے تدارک سمیت دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے شرکاء کو قومی سلامتی کے درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور میڈیا و سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائے جانے والے منفی اور گمراہ کن بیانیے پر کھل کر گفتگو کی۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے کیے گئے سوالات کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے مدلل، جامع اور مفصل جوابات دیے۔
شرکاء نے معرکۂ حق میں تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے مادرِ وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ گمراہ کن پروپیگنڈا کے تدارک کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ قوم اور افواجِ پاکستان کا مضبوط رشتہ ہی ملک کے استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہے۔


