پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں اتوار کی رات سے منگل تک مزید بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کے پیشِ نظر موسمی انتباہ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 سے 27 جنوری کے دوران مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کی پیشگوئی کی ہے جو صوبے کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع جن میں چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور دیگر بالائی علاقے شامل ہیں، وہاں بارش اور برفباری جبکہ بعض مقامات پر شدید اور بھاری برفباری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ دوسری جانب ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ سمیت نچلے و میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے نتیجے میں ناران، کاغان، کالام اور چترال سمیت بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا خدشہ ہے، جبکہ مسلسل بارش اور برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو بالائی اور برفباری والے علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، جبکہ کسان اور مویشی پال حضرات فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔


