پشاور: CSS مقابلہ جاتی امتحان 2026 (تحریری) کے انعقاد کے لیے انتظامی و سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی. CSS مقابلہ جاتی امتحان 2026 (تحریری) کے شفاف، منظم اور پرامن انعقاد کے لیے انتظامی معاونت سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر کمشنر پشاور ڈویژن نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اجلاس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ CSS امتحان کے دوران تمام انتظامی، سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے نمائندے نے فورم کو امتحانی شیڈول، امتحانی مراکز اور انتظامی ضروریات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ امتحانی مراکز انفراسٹرکچر، نشستوں کی گنجائش، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کے لحاظ سے موزوں ہیں۔ انہوں نے امتحانی مراکز، امتحانی مواد اور امیدواروں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امتحانی مراکز پر مرد و خواتین پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ FPSC نمائندے نے امتحانی پرچوں کی اسٹرونگ روم سے امتحانی مراکز اور بعد ازاں جنرل پوسٹ آفس (GPO) تک محفوظ ترسیل کے لیے دو مخصوص سکیورٹی گاڑیوں کی فراہمی کی بھی درخواست کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسنز کی نامزدگی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
تفصیلی مشاورت کے بعد درج ذیل فیصلے کیے گئے:
پولیس امتحانی مراکز کی سکیورٹی، پرچوں کی محفوظ ترسیل اور امتحانی مدت کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان تیار کرے گی۔ تمام متعلقہ محکمے FPSC اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے اپنے فوکل پرسنز نامزد کریں گے اور ان کے رابطہ نمبرز فوری طور پر فراہم کیے جائیں گے۔ انتظامیہ امتحانی پرچوں کی محفوظ اور بروقت ترسیل کے لیے FPSC کے ایس او پیز کے مطابق دو سکیورٹی گاڑیوں کا بندوبست کرے گی۔ ٹریفک پولیس امتحانی مراکز کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، رش سے بچاؤ اور امیدواروں کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر پشاور ڈویژن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ CSS مقابلہ جاتی امتحان 2026 کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات باہمی تعاون اور مکمل شفافیت کے ساتھ یقینی بنائے جائیں گے۔


