اپر چترال: ڈسٹرکٹ کمیٹی آن دی اسٹیٹس آف ویمن (DCSW) ضلع اپر چترال کی نومنتخب چیئرپرسن رشیدہ ضیاء نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے اس تقرری کو اپنے لیے اعزاز اور ایک بڑی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان پر کیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے ثریا بی بی، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، اور سمیرا شمس، چیئرپرسن خیبر پختونخوا کمیشن برائے خواتین، کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
رشیدہ ضیاء نے کمیشن کی سیکرٹری شازیہ کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی معاونت خواتین کے حقوق کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصب ان کے لیے محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ضلع اپر چترال کی خواتین کے وقار، تحفظ اور بنیادی حقوق کے فروغ کی ایک امانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قانونی فریم ورک اور کمیشن کی پالیسی ہدایات کے مطابق کمیٹی کے تمام اراکین اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائیں گی تاکہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل میں ٹھوس پیش رفت ہو سکے۔
چیئرپرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور کمیشن کی جانب سے دیے گئے اعتماد کو وہ باعثِ فخر سمجھتی ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ، قانونی معاونت اور سماجی آگاہی کے فروغ کے لیے دیانت داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔


