Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, March 14, 2026

خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

پشاور: پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں 14 مارچ کی رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی احتیاطی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

اسی طرح اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں آندھی اور بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی تیاریوں کی ہدایت دی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے، جبکہ ڈی آئی خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ ادارے نے تمام اضلاع کو ریسکیو ٹیمیں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز الرٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ترجمان کے مطابق سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ شہریوں کو کھلے مقامات، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری

Shopping Basket