کرک: ضلعی انتظامیہ نے کھلے برتنوں میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ اقدام غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسد سرور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بوتلوں، گیلنوں اور دیگر کھلے برتنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی فروخت پر مکمل پابندی ہوگی۔ پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ 30 دن تک نافذ العمل رہے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات صرف مجاز پٹرول پمپس سے ہی دستیاب ہوں گی، جبکہ کسی بھی فرد یا دکاندار کی جانب سے کھلے برتنوں میں پٹرول یا ڈیزل فروخت کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسد سرور نے کہا کہ یہ فیصلہ غیر قانونی سرگرمیوں اور ممکنہ خطرات کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے، اور اس حوالے سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔


