Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, March 26, 2026

طورخم بارڈر ٹرمینل پر افغانیوں کی وطن واپسی کا شیڈول جاری

طورخم بارڈر ٹرمینل پر غیر قانونی مقیم افراد کی واپسی کے سلسلے میں اہم ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق ڈیپورٹیشن پراسیس اج صبح 9 بج کر 30 منٹ (پاکستانی وقت) پر باقاعدہ طور پر شروع ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ اداروں بشمول فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، پاکستان کسٹمز، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن اور نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے مقامات پر تمام سسٹمز مکمل طور پر فعال رکھیں۔

۔ تمام عملہ صبح 9 بجے تک آن گراؤنڈ موجود ہوگا اور ہر صورت مکمل سیٹ اپ یقینی بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق تمام ادارے صبح 9 بجے تک سیکورٹی حکام طورخم کو اپنی “ریڈی اسٹیٹس” رپورٹ کریں گے، جسے لازمی قرار دیا گیا ہے۔ مزید برآں این ایل سی، ایف آئی اے اور کسٹمز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرکوں کی آمد و رفت کے انتظامات ہر صورت مکمل کریں اور اپنے متعلقہ سینئر افسران سے باضابطہ اجازت لے کر سسٹمز کی بحالی اور تیاری کی تصدیق کریں۔ اجازت نامے متعلقہ اداروں کے آفیشل چینلز کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایف آر پی کے تحت ڈیپورٹ ٹرکس کل روانہ نہیں ہوں گے بلکہ ٹرکوں کی نقل و حرکت پرسوں سے شروع کی جائے گی۔ کسٹمز اور این ایل سی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سویلین ٹرانسپورٹرز کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ وہ کل ٹرک لے کر نہ آئیں۔ سکیورٹی انتظامات کے تحت طورخم کے مقام پر مکمل کرفیو نافذ رہے گا۔ طورخم بارڈر ٹرمینل کے اطراف باچا مینا، مچنی اور گرد و نواح سے کسی بھی قسم کی سویلین نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ زیرو لائن کو ہر قسم کے مقامی افراد کے لیے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔ پولیس حکام بشمول SHO لنڈی کوتل، اے ایس آئیز اور دیگر اہلکار اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کوئی سویلین، مزدور یا غیر متعلقہ شخص علاقے میں داخل نہ ہو، تمام دکانیں بند رہیں اور کرفیو اس وقت تک برقرار رکھا جائے جب تک سیکورٹی حکام طورخم کی جانب سے کلیئرنس جاری نہ ہو۔

حکام کے مطابق صرف حمزہ بابا کیمپ سے آنے والے ڈیپورٹیز کو کنٹرولڈ انداز میں زیرو لائن تک لایا جائے گا اور سرحد پار کرائی جائے گی۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن بجلی اور انٹرنیٹ کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے تاکہ آئی ایف آر پی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تاخیر نہ ہو۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر صبح 9 بجے تک مکمل تیاری نہ ہوئی تو کسی بھی تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ ادارے پر عائد ہوگی۔

طورخم بارڈر ٹرمینل پر افغانیوں کی وطن واپسی کا شیڈول جاری

Shopping Basket