Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, April 8, 2026

عالمی یومِ صحت 2026: بزرگ افراد کی مربوط نگہداشت پر پالیسی ورکشاپ

پشاور: عالمی یومِ صحت 2026 کے موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن کی قیادت میں محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بزرگ افراد کی صحت سے متعلق ایک ون ڈے پالیسی ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد بزرگ شہریوں کے لیے مربوط اور جامع صحت خدمات کو صوبائی ہیلتھ فریم ورک میں شامل کرنا تھا۔

ورکشاپ کے دوران بزرگ افراد کی نگہداشت کے عالمی ماڈل آئی کوپ (ICOPE) کو فروغ دینے اور غیر متعدی امراض (این سی ڈیز) کے مؤثر انتظام کو صحت کے نظام کا حصہ بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ماہرین صحت، پالیسی سازوں اور شراکت دار اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اور بزرگ افراد کی صحت سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔

صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا بزرگ شہریوں کو باوقار، معیاری اور بروقت صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتی ہوئی آبادیاتی صورتحال کے پیش نظر بڑھتی عمر کے افراد کو درپیش صحت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی کوپ (ICOPE) اور این سی ڈیز مینجمنٹ کو صوبائی ہیلتھ فریم ورک میں شامل کرنے سے نہ صرف صحت کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے گا بلکہ کمیونٹی کی سطح پر صحت مند بڑھاپے کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

ورکشاپ کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس موقع پر پیش کی گئی سفارشات کو صوبائی صحت پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ ایک جامع، پائیدار اور عوام دوست نظامِ صحت کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ شمولیتی نظام، مضبوط کمیونٹیز اور صحت مند بڑھاپے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

عالمی یومِ صحت 2026: بزرگ افراد کی مربوط نگہداشت پر پالیسی ورکشاپ

Shopping Basket