خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی نے ضلع بونیر کے علاقے بیشونئی میں 142 ملین روپے کی لاگت سے فلڈ پروٹیکشن منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ فلڈ پروٹیکشن وال کی تعمیر سے علاقے کو سیلابی خطرات سے محفوظ بنایا جائے گا اور یہ منصوبہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ریاض خان نے کہا کہ گزشتہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں مختلف اضلاع میں ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیشونئی، قدر نگر، بٹئی اور چغرزی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ عوامی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے حکومتی اقدامات کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

