Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, April 25, 2026

خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں ٹرین آپریشن شروع کرنے کی تیاری

پشاور: خیبرپختونخوا میں ریلوے کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں صوبائی حکومت کی درخواست پر پاکستان ریلوے نے پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور کوہاٹ میں ریلوے ٹریکس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے کو تین مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 62 کلومیٹر طویل ٹریک پشاور سے نوشہرہ اور جہانگیرہ تک بحال کیا جا رہا ہے، جس پر کام شروع ہو چکا ہے۔ دوسرے مرحلے میں 65 کلومیٹر طویل ٹریک نوشہرہ سے مردان اور درگئی تک بحال کیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں مردان سے چارسدہ (27 کلومیٹر)، پشاور سے جمرود (18 کلومیٹر) اور کوہاٹ سے جنڈ (60 کلومیٹر) تک کے سیکشنز شامل ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے پہلے دو بڑے مراحل آئندہ ڈیڑھ سے دو سال میں، یعنی 2028 کے آغاز تک مکمل کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت جدید ڈی ایم یو (DMU) ٹرینیں چلائی جائیں گی جن میں ایروڈائنامک ڈیزائن، انجن بوگیوں کے نیچے نصب، مکمل ایئرکنڈیشنڈ کوچز، آرام دہ نشستیں، ڈیجیٹل ڈسپلے اور وائی فائی جیسی سہولیات متوقع ہیں۔ ٹرینوں کی رفتار ابتدائی طور پر 100 سے 120 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ ٹریک اپ گریڈیشن کے بعد اسے 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ جی پی ایس ٹریکنگ اور جدید ڈیجیٹل سگنلنگ سسٹم بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔

حکام کے مطابق اس منصوبے سے سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا، عوام کو سستی اور تیز رفتار سفری سہولت میسر آئے گی اور پانچ بڑے اضلاع کے درمیان رابطہ مزید بہتر ہوگا۔ منصوبے میں تاریخی خیبر سفاری ٹرین کی بحالی بھی شامل ہے جس سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

یہ منصوبہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا ہے جبکہ اس پر عملدرآمد پاکستان ریلوے کرے گی، جسے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع میں ٹرین آپریشن شروع کرنے کی تیاری

Shopping Basket