پشاور: خیبرپختونخوا سمیت مختلف اضلاع میں یومِ شہدائے پولیس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جہاں پولیس اور محکمہ ایکسائز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کو وطن کے امن و استحکام کے لیے ناقابلِ فراموش قرار دیا گیا۔
پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد نے یادگارِ پولیس شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جبکہ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر محمد سمیع ملک بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ملک سعد شہید پولیس لائن مسجد میں ختمِ قرآن کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہدائے خیبرپختونخوا پولیس کے ایصالِ ثواب اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے بھی یومِ شہداء کے موقع پر اپنے شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مختلف اضلاع میں ایکسائز افسران نے شہداء کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے ملاقات کر کے اظہارِ یکجہتی کیا۔ حکام نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے شہداء کی قربانیاں اہلکاروں کے لیے عزم، حوصلے اور استقامت کا سرچشمہ ہیں اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن فلاح و بہبود یقینی بنائی جائے گی۔


