پشاور — محکمہ اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور خیبر پختونخوا نے رحمۃ للعالمین اسکالرشپ کے تحت دینی مدارس کے 3,500 طلبہ و طالبات کو وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ اوقاف کے مطابق اسکیم کے لیے 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن کی جانچ اور میرٹ کے تعین کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شہادۃ العالیہ کے 1,100 طلبہ کو فی کس ایک لاکھ روپے، شہادۃ العالمیہ کے 1,200 طلبہ و طالبات کو ڈیڑھ لاکھ روپے اور تخصص کے 1,200 طلبہ و طالبات کو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
سیکشن آفیسر اوقاف کی سربراہی میں قائم کمیٹی درخواست گزاروں کے تعلیمی ریکارڈ، ڈومیسائل اور داخلے کی دستاویزات کی تصدیق کرے گی اور اہلیت، میرٹ اور مقررہ کوٹے کے مطابق اہل امیدواروں کی فہرست اور سفارشات پیش کرے گی۔


