آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ جیتنے والے ٹینس کے قومی کھلاڑی خیبر پختونخوا کے شایان آفریدی کو صوبائی حکومت نے دو لاکھ روپے انعام سے نوازا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل نے ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کی جانب سے انہیں چیک حوالے کیا۔ یاد رہے کہ شایان آفریدی نے سری لنکا میں منعقدہ آئی ٹی ایف ایشیا 14 اور انڈر ڈویلپمنٹ چیمپئن شپ 2025 ویک-1 ریجنل کوالیفائنگ ایونٹ برائے ساوتھ ایسٹ اینڈ ایسٹ ایشیا میں فتح حاصل کی ہے۔فائنل میں شایان نے ٹورنامنٹ کے سیکنڈ سیڈ، سنگاپور کے پاک نکولس منگ این کو 6-3، 6-7(3) 6-4 کے اسکور کے ساتھ شکست دے کر ویک-1 کے لیے چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان، سیکرٹری کھیل خیبر پختونخوا محمد ضیا الحق اور ڈی جی سپورٹس عبد الناصر نے شایان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جیت پاکستان میں کھیلوں کے روشن مستقبل کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
