ضلع بھر میں انسدادِ پولیو مہم سکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کے ساتھ دوسرے روز بھی زور و شور سے جاری ہے۔ پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لیے ضلعی پولیس مکمل طور پر متحرک ہے اور مہم کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق:.انسدادِ پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے فرائض سرکل ایس ڈی پی اوز کی براہِ راست نگرانی میں انجام دیے جا رہے ہیں، جبکہ تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز خود فیلڈ میں موجود رہ کر پولیو ٹیموں کے ساتھ ہمہ وقت ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ حساس اور دور دراز علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ خود انسدادِ پولیو مہم کے سکیورٹی پلان کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور فیلڈ افسران سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ پولیو ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کا مظاہرہ کیا جائے۔ ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے مذید کہا کہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کروانا پولیس کی اولین ترجیح ہے تاکہ قوم کے معماروں کا مستقبل محفوظ بنایا جاسکے۔


