چارسدہ محمدزئی قومی اتحاد کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد تحصیل تنگی، حیات شہید ماڈل سکول میں کیا گیا۔ جس کا مقصد علاقے کے مستحق، نادار اور ضرورت مند افراد کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے صحت سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے جذبۂ خدمت کے تحت اپنی خدمات انجام دیں۔ مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، ضروری ادویات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر محمدزئی قومی اتحاد کے چیئرمین نوشاد علی خان نے کہا کہ محمدزئی قومی اتحاد ایک سماجی و اصلاحی تنظیم ہے جو بلا تفریق انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ فری میڈیکل کیمپ جیسے اقدامات ہمارے اسی مشن کی عملی مثال ہیں۔ جنرل سیکرٹری نعیم ارشاد محمدزئی کا کہنا تھا صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ محمدزئی قومی اتحاد آئندہ بھی ایسے فلاحی اور اصلاحی اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔ محمدزئی قومی اتحاد کے سیکرٹری انفارمیشن و ترجمان محمد بلال محمدزئی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد عوامی مسائل کو سمجھتے ہوئے عملی اور دیرپا فلاحی، سماجی کاموں پر یقین رکھتا ہے۔ فری میڈیکل کیمپ خدمتِ خلق کا روشن نمونہ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شکیل ارشاد کا کہنا تھا کہ محمدزئی قومی اتحاد کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ایسے کیمپس غریب اور مستحق افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں، جہاں انہیں بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت میسر آتی ہے۔ میں اس فلاحی کوشش کا حصہ بن کر فخر محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسے کیمپس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔ میڈیکل کیمپ میں شریک افراد نے محمدزئی قومی اتحاد اور طبی ٹیم کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مستفید ہونے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے فلاحی میڈیکل کیمپس معاشرے میں انسانی ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں اور ضرورت مند طبقے کے لیے حقیقی سہارا بنتے ہیں۔ کابینہ کے سینئر عہداداران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ محمدزئی قومی اتحاد کا یہ فری میڈیکل کیمپ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تنظیم مستقبل میں بھی صحت اور سماجی فلاح کے میدان میں خدمتِ انسانیت کا سفر جاری رکھے گی۔


