ڈائریکٹر جنرل لاء اینڈ ہیومن رائٹس غلام علی نے آج سنٹرل جیل پشاور کا دورہ کیا اور قیدیوں کے ساتھ پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی شاندار کامیابیوں کی خوشیاں منائیں۔ تقریب کا آغاز ایک پُر جوش اور جذباتی استقبال سے ہوا۔ جس میں قیدیوں نے ڈی جی اور ان کی ٹیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے۔ خصوصی بینڈز نے قومی نغمے پیش کیے۔ جس سے فضا میں وطن سے محبت کی خوشبو بکھر گئی۔ایک باوقار کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی ۔جس میں قیدیوں اور جیل عملے نے بھرپور شرکت کی۔ یہ تقریبات قیدیوں میں غیر معمولی اتحاد اور حب الوطنی کا مظہر تھیں۔اپنے خطاب میں ڈی جی غلام علی نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور معرکۂ حق میں پاکستان کی حالیہ سفارتی اور عسکری کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزادی کی اصل روح اُس وقت مکمل ہوتی ہے جب ہر شہری، خواہ وہ قید میں ہو یا آزاد، کو انصاف، مساوات اور قانون کی بالادستی میسر ہو۔قیدیوں نے پُرجوش نعرے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ لگا کر اپنی وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے دُعاؤں پر ہوا
