Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Tuesday, August 12, 2025

ایبٹ آباد: جشن آزادی کے سلسلے میں مردانہ سکولز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

معرکہ حق اورجشن آزادی کے سلسلے میں ایبٹ آباد کے مردانہ سکولز کی پروقار رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہائی سکول نمبر تین میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان ،ضلعی آفیسر محکمہ تعلیم مردانہ افتخار الغنی،ڈپٹی ڈی ای او نصیر خان تنولی،پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ظفر ارباب عباسی،پرنسپل ہائی سکول نمبر دو بختیار خٹک،پرنسپل ہائی سکول نمبر ون طارق ثمر کے علاوہ واسا افسران،اساتذہ کرام اور طلباء بھی شریک تھے۔تقریب میں طلباء نے پی ٹی مارچ اور ڈرل کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے داد وصول کی جب کہ طلباء نے  جذبہ حب الوطنی سے لبریز  تقاریر،ملی نغمے اور ثقافتی پروگرام بھی پیش کرکے داد حاصل کی اور مختلف سکولز کیطلباء کا  کوئز مقابلہ بھی کروایا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان کا کہنا تھا ملک بھر کی طرح ایبٹ آباد میں آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی اور ازلی دشمن بھارت کو شکست ملنے پر معرکہ حق جشن  آزادی کو منانے کے لئے تقریبات جاری ہیں۔ہمارا ازلی دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے ہمیشہ تاک میں رہتا ہے۔لیکن پاک فوج ان کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار  ہے۔انہوں نے  اس بات پر زور دیا ہے کہ طلباء اپنی ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کریں تاکہ مستقبل میں ملک اور قوم کی صیح معنوں میں خدمت کر سکیں۔

قبل ازیں ضلعی ایجوکیشن آفیسر افتخار الغنی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی۔ان تقریبات میں ملی نغموں،تقاریر سمیت دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلوں کی آخری تقریب صوبائی سطح پر منعقد کی جائے گی۔پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ظفر ارباب عباسی نے میٹرک کے سالانہ شفاف  امتحان میں سکول کے طلباء کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ان کا مذید کہنا تھا اگر اسی طرح شفاف امتحانات کا سلسلہ برقرار رہا تو سرکاری سکول کے طلباء کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر ایس آر ایس پی کے ریجنل منیجر زبیر انور کی جانب سے طلباء کو تعریفی اسناد اور مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔تقریب میں جشن آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔

ایبٹ آباد: جشن آزادی کے سلسلے میں مردانہ سکولز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

Shopping Basket