اینٹی کرپشن ویک کی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی زیر نگرانی ویلج آرگنائزیشن میرا تل اور محکمہ سماجی بہبود کے اشتراک سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد کرپشن کے مضر اثرات اور اس کے خاتمے کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (I) ثنائ فاطمہ نے پروگرام میں خصوصی شرکت کی اور اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ ثنائ فاطمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپشن ایک ایسی برائی ہے جو معاشرتی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے اور اداروں کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کرپشن کے معاشرتی، اقتصادی اور اخلاقی اثرات پر تفصیل سے گفتگو کی اور اس کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کرپشن کے خلاف آواز بلند کریں اور اس کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔سیمینار کے دوران شرکائ کو کرپشن کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات اور شعوری کوششوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکائ کو انسداد کرپشن کے لیے ضلعی سطح پر موجود سہولتوں اور حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔سیمینار کے بعد کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے لیے ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک میں طلبائ، ویلج آرگنائزیشن کے اراکین، اور محکمہ سماجی بہبود کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔ شرکائ نے کرپشن کے خاتمے کے عزم پر مبنی پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی جانب سے اینٹی کرپشن ویک کے دوران آگاہی کے لیے مزید سرگرمیاں بھی جاری ہیں، جن میں ورکشاپس، سیمینارز، اور عوامی مہمات شامل ہیں۔
