افتتاحی تقریب میں جنرل ریٹائرڈ آیاز رانا ،پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخواکے صوبائی نائب صدر کمال سلیم سواتی ،سابقہ ڈی جی سپورٹس طارق محمود،وائس پرنسپل ایبٹ آباد پبلک سکول ڈاکٹر سردار عنایت الرحمٰن ،صدرورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ سید سلطان شاہ ،ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی بی سی سی سید سلیمان بخاری،ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن پی بی سی سی محمد بلال نے شرکت کی۔جنرل ریٹائرڈ آیاز رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نابینا کرکٹ کے لیے ایبٹ آباد میں گراؤنڈ کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔کمال سلیم نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے وفد کی سپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی سے جلد ملاقات کی یقین دہانی کروائی ۔وائس پرنسپل APS نے آئندہ بھی بلائنڈ کرکٹ کے لیے گراؤنڈ کی فراہمی کی پیشکش کی ۔
دو میچز کھیلے گئے ۔پہلا میچ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مابین کھیلا گیا ۔پنجاب نے ٹاس جیت کے خیبر پختونخوا کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی ۔خیبر پختونخوا کی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 239کا ٹارگٹ دیا۔جس میں خیبر پختونخوا کے کپتان بدر منیر کے ناقابل شکست 112 رنز شامل ہیں۔ ۔جبکہ پنجاب مقررہ 20اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنا سکا۔یوں خیبر پختونخوا نے میچ 28رنز سے جیت لیا۔میچ کے بہترین کھلاڑی بدر منیر قرار پائے ۔
جبکہ دوسرا میچ سندھ اور بلوچستان کے مابین کھیلا گیا ۔سندھ نے ٹاس جیت کے بلوچستان کو پہلی بیٹنگ کی دعوت دی ۔بلوچستان نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 224رنز بنائے ۔جواب میں سندھ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 اوورز میں حاصل کر لیا۔میچ کے بہترین کھلاڑی نثار علی قرار پائے جنھوں نے 100رنز بنائے۔ لیگ کے تیسرے دن بھی دو میچز کھیلے جائیں گے ۔