Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, October 25, 2025

خیبر پختونخوا کا انتظامی اور سیاسی بحران

عقیل یوسفزئی
خیبر پختونخوا کو پی ٹی آئی نے تجربہ گاہ میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے اور اس کی بڑی مثال یہ ہے کہ نئے وزیر اعلیٰ کے حلف اور چارج سنبھالنے کے باوجود ایک ہفتہ ہوئے صوبہ کابینہ سے محروم ہے جس کے باعث پورا نظام ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ضد پکڑی ہے کہ وہ جیل میں بند اپنے بانی کی رہنمائی اور مشاورت کے بغیر کابینہ تشکیل نہیں دیں گے حالانکہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا یہ بیان ریکارڈ پر موجود ہے کہ عمران خان نے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ نامزد کرکے ان کو کابینہ تشکیل دینے کا اختیار دیا ہے ۔
یہ ایک سنگین مذاق سے بڑھ کر اور کچھ بھی نہیں کہ اگر ایک طرف ملاقات کی اجازت نہ ملنے کے بہانے صوبائی حکومت کابینہ سے محروم ہے تو دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے نان ایشو کی بنیاد پر بلٹ پروف گاڑیوں کے معاملے کو سب سے بڑا مسئلہ بنادیا ہے اور اس پر پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کی جارہی ہے ۔ اپر سے وزیر مملکت طلال چوہدری نے بھی اس معاملے پر تمام توجہ مرکوز کر رکھی ہے حالانکہ دونوں کو یہ علم ہے کہ صوبے کے اصل مسائل کیا ہیں اور دہشت گردی نے کس نوعیت کے چیلنجز پیدا کیے ہیں ۔
وزیر اعلیٰ نے ایک اور پولیٹیکل پوائنٹ اسکورنگ کے طور پر 25 جولائی کو خیبر میں ایک جرگہ بلانے کا اعلان بھی کردیا ہے ۔ یہ وہی دن ہے جب استنبول ترکی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوحہ معاہدے کے دوسرے سیشن کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صوبائی حکومت محض مزاحمت اور تصادم کی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے عوام اور صوبے کی بہتری کے لیے کچھ بھی نہیں کرپارہی اور وفاقی حکومت کی دلچسپی بھی عملاً نہ ہونے کی برابر ہے ۔
دوسری جانب پاور کاریڈورز میں افغانستان کے ساتھ پولیٹیکل انگیجمنٹ کے لیے بعض اہم اقدامات کی اطلاعات زیر گردش ہیں جن میں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعلیٰ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے ایک اہم کردار پر مشاورت زیر بحث ہے ۔ اس پس منظر میں خیبرپختونخوا کے موجودہ گورنر فیصل کریم کنڈی کو ہٹاکر انہیں کچھ اور ذمہ داریاں سونپنے کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں جبکہ ایسا کرنے سے قبل موجودہ صوبائی حکومت کے خاتمے کی ایک پلاننگ پر بھی اسلام آباد میں غور جاری ہے ۔
خلاصہ یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں آیندہ چند دنوں کے دوران بہت ” توڑ پھوڑ” متوقع ہے ۔

خیبر پختونخوا کا انتظامی اور سیاسی بحران

Shopping Basket