شیشکوہ، لوئر چترال (18 اپریل):
الخدمت فاؤنڈیشن نے لوئر چترال کے دور افتادہ علاقے شیشکوہ میں ایمبولینس سروس کا افتتاح کر دیا، جس سے 35 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ افتتاحی تقریب گاؤں “تار” میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد شریک ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی امیر جماعت اسلامی لوئر چترال وجیہ الدین تھے، جبکہ دیگر معزز مہمانان میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن عبد الحق، سابق امیر جماعت اسلامی مولانا جمشید احمد، نائب امیر محمد عالم خان، سابق ناظم سراب، اور ویلج کونسل تار کے چیئرمین قاری عبد الرحمن شامل تھے۔
اس سروس کا آغاز جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کی دو ماہ کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ مقررین نے خطاب میں الخدمت کی فلاحی خدمات کو سراہا اور قاری عبد الرحمن کی انتھک محنت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے ایمبولینس کی دیکھ بھال اور مستقبل میں مزید فلاحی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔
تقریب کے آخر میں شیشکوہ کے عوام کی نمائندگی کرنے اور اس اہم سروس کے قیام میں کردار ادا کرنے پر قاری عبد الرحمن کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب کا اختتام دعائے خیر و برکت پر ہوا۔